الوقت کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اتحاد برائے فلسطین کے زیر عنواں علمائے استقامت کی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ نے استقامت اور مزاحمت کے ذریعے صیہونی حکومت کو بری طرح سے شکست سے دوچار کیا اور یہ سلسلہ صیہونی حکومت کی مکمل نابودی اور فلسطین کی آزادی تک جاری رہے گا۔درایں اثنا اس کانفرنس کےاختتامی بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین، عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور صیہونی حکومت کی مکمل تباہی کی فکر باقاعدہ طور پر پروان چڑھنی چاہئے۔
علمائے استقامت کی عالمی یونین کی کانفرنس کے بیان میں تکفیریت اور دہشت گردی کے خلاف جد و جہد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ علاقے میں تکفیری گروہوں کے اقدامات سے صیہونی دشمن اور عالمی سامراج کے ساتھ ان کے رابطے کا پتہ چلتا ہے اور دنیا کے تمام حریت پسندوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ اس انحرافی فکر کے مقابلے کے لئے متحد ہو جائیں۔
واضح رہے کہ اس کانفرنس میں جو کل رات ختم ہوئی دنیا کے تینتالیس ملکوں کے ایک سو بیس علماء اور دانشوروں نے شرکت کی تھی۔