الوقت - ترکی کے جنوب مشرقی علاقے دیار بکر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کر دیا-
الوقت کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے کرد آبادی والے شہر دیار بکر میں جمعرات کے روز ایک پولیس چوکی پر حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے- ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے- ترکی کے ذرائع ابلاغ نے حاتای صوبے کے شہر اسکندرون میں ترقی و انصاف پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے سامنے ایک بم دھماکے کی خبر دی ہے- قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز صوبہ شانلی اورفا کے شہر جیلان پینار میں ترکی کے دو پولیس اہلکاروں کو گولی مارکر ہلاک کر دیا گیا- اسی طرح شانلی اورفا صوبے کے شہر سوروچ میں بھی ایک ثقافتی مرکز میں پیر کے روز ہونے والے بم دھماکے میں اکتیس افراد ہلاک اور اسّی سے زائد زخمی ہو گئے تھے- ترکی میں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر عوام نے حکومت اور فوج کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے