الوقت- بحرین کے عوام نے اس ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کر کے آل خلیفہ کی جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے -
اللؤلؤ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے جمعے کے روز " یوم اسیر " کی آمد کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرے شروع کر دیئے ہیں اور جمعے کے روز وسیع پیمانے پر مظاہرے کر کے آل خلیفہ کی جیلوں میں بند انسانی حقوق کے سرگرم سیاسی کارکنوں خاص طور پر جمعیت وفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی فوری رہائی مطالبہ کیا- بحرینی مظاہرین نے اس بات پر تاکید کی کہ وہ اپنے سیاسی اور دیگر قیدیوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے- انہوں نے کہا کہ وہ جیل سے نہیں ڈرتے اور آل خلیفہ کی حکومت کے خاتمے تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے- بحرینی شہریوں نے جمعے کے روز دارالحکومت منامہ سمیت مختلف شہروں میں آل خلیفہ کی بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا اور یوم اسیر کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا- بحرینی فوجیوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی مدد سے، مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اور زہریلی گیس کا استعمال کیا- قابل ذکر ہے کہ سنہ دو ہزار گیارہ سے اب تک بحرینی عوام، آل خلیفہ کے ظالمانہ اور نسل پرستانہ رویے کے خلاف پرامن مظاہرے کر رہے ہیں۔