الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی جوہری مذاکرات کی کامیابی کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں ایران اور پاکستان کے تعلقات اور تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہوگا۔
شام کے صدر بشار اسد نے بھی ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سورپ نے ایک بیان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔
لبنان کی حکومت نے بھی اس کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
عراق کے صدر فواد معصوم اور وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی رہبر انقلاب اسلامی اور صدر مملکت کے نام مبارک باد کے پیغامات میں امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابی علاقے سے جنگ و جارحیت کے خاتمے اور مسائل و مشکلات کے حل میں ممد و معاون ثابت ہوگی۔
جوہری مذاکرات کی کامیابی پر امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں مبارک باد پیش کی ہے۔
افغانستان، آرمینیا، جاپان اور مختلف دیگر ممالک نے بھی جوہری مذاکرات کی کامیابی کو تاریخی اور علاقائی اور عالمی سطح پر قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔