الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے ویانا میں کل رات کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتے کے مسودے کی تدوین کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ابھی بعض مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور ان کے حل کا انحصار سیاسی فیصلوں پر ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ پابندیاں اور سمجھوتہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔انھوں نے مزید کہا کہ اختلافات میں بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور اب صرف دو یا تین متنازعہ مسائل باقی رہ گئے ہیں جن میں سے ایک ہتھیاروں پر عائد پابندی کا خاتمہ ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات میں دس جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے۔