الوقت کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیارں نے صوبہ صعدہ ، حدیدہ، جوف اور عدن میں رہائشی عمارتوں، سرکاری دفاتر ،اسپتالوں اور مساجد کو نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صعدہ میں ایک بازار پر بھی بمباری کی ہے۔ سعودی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہوسکا ہے تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں اور امدادی کارکن عمارتوں کے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ صعدہ کے الکتاف نامی علاقے میں سعودی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد کے شہید ہوئے۔شہید ہونے والوں میں صوبائی محکمہ صحت کے ایک عہدیدار صالح ھادی بھی شامل ہیں ۔
سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے البیضا، دود، دخان اور جیزان کے علاقے میں سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں اور نئی چیک پوسٹوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں سعودی فوجیوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ بعض علاقوں میں سعودی فوجی اپنی چیک پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔