الوقت کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری ایسے میں آج ویانا پہنچ رہے ہیں کہ جب روس کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جامع ایٹمی سمجھوتے کے مسودے کی تدوین کا تقریبا نوے فیصد کام پورا ہو چکا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ جان کیری جامع ایٹمی معاہدے کے حصول کے لئے مقررہ تاریخ سے پہلے ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نمائندوں کے درمیان لوزان مذاکرات کی بنیاد پر جامع ایٹمی معاہدے کے مسودے کی تدوین کے بارے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس معاہدے کے مطابق ایران اپنی کچھ ایٹمی سرگرمیوں کو محدود کرے گا اور اس کے عوض اس پر عائد پابندیاں اٹھالی جائیں گی- البتہ دونوں فریقوں نے جامع ایٹمی معاہدے کی مقررہ آخری تاریخ یعنی یکم جولائی کے بعد بھی مذاکرات جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دریں اثنا ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ جامع ایٹمی معاہدے کے حصول کی آخری کوششوں کے لئے یکم جولائی سے پہلے ویانا جائیں گے۔