الوقت کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل رات تہران میں سیاسی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صبر و استقامت، عوام کی مددو حمایت اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کی روشنی میں ایٹمی مذاکرات جاری رکھیں گے- صدر مملکت نے کہا کہ آج ایران ایٹمی مذاکرات میں اس بات میں کوشاں ہے کہ سیاسی معاملات کے ایک عظیم نمونے کے طور پر قوم کے حقوق کا تحفظ کیا جائے- انہوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے، ہم ایٹمی مذاکرات میں صرف اپنے موقف کا اعلان کرنا نہیں چاہتے بلکہ سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے منصفانہ سمجھوتے کے خواہاں ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ایک بار پھر کہا کہ ہم ایٹمی مذاکرات کو صبرو حوصلے کے ساتھ رہبر انقلاب کی ہدایات کی روشنی میں آگے بڑھائیں گے ۔