الوقت- پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی اس موقع پر آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی۔
اس ملاقات کے دوران جنرل راحیل شریف کاکہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو خوب سراہا۔ملاقات میں وزیرِ اعظم اور فوج کے سربراہ نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ آپریشن ضرب عضب کو ہر قیمت پر اُس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں اور مجرموں کو ڈھونڈ نکالا جائے گا۔
اس موقعے پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک سال کی تکمیل پر پاکستانی فوج نے جو ایداد و شمار جاری کئے ہیں ان کے مطابق ایک برس کے دوران کارروائیوں میں 2763 شدت پسند مارے گئے ہیں جبکہ ساڑھے تین سو کے قریب فوجی افسر اور جوان بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
یاد رہے چند دن پہلے بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ یہ آپریشن کامیاب رہا ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ قبائلی علاقوں کے بعد شہری علاقوں میں بھی انتہاپسندوں اور مذہبی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔