الوقت- وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز لکزمبر گ پہنچنے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں شریک تمام فریق بے جا مطالبات سے پرہیز کریں تاکہ معاہدے تک رسائی ممکن ہو سکے- انہوں نے حتمی ایٹمی معاہدے کے مسودے کی تدوین کے بارے میں ایرانی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اختلافات ابھی بھی باقی ہیں جن میں بعض سیاسی ہیں اور بعض اختلافات تکنیکی نوعیت کے ہیں- محمد جواد ظریف نے آج لکزمبرگ میں ہونے والی ملاقاتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ اور جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں مذاکرات کی تازہ ترین صورت حال اور حتمی معاہدے کے حصول کے بارے میں بات چیت کریں گے- واضح رہے کہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف یورپی یونین کے خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ اور جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ صلاح و مشورے کے لئے پیر کے روز لکزمبرگ پہنچے ہیں