الوقت- بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے، جاری رکھے جانے کی اپیل کی ہے-
بحرین کے اللولو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان نے "جو" نامی جیل سے عوام کے نام ایک پیغام بھیجا ہے- اپنے اس پیغام میں شیخ علی سلمان نے بحرینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آل خلیفہ حکومت کے خلاف اپنے پر امن مظاہرے جاری رکھیں اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کریں- شیخ علی سلمان نے پیغام میں بحرینی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ، مطالبات منوانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور بحرین کے حقائق سے اقوام عالم کو آگاہ کرنے کے لئے میڈیا ذرائع استعمال کریں- بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ بحرین میں آزادی، عدل و انصاف اور جمہوریت کے قیام کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے، کہا کہ کامیابی، بحرینی قوم کا ہی مقدر ہوگی اور اس بات کو جان لینا چاہئے کہ آل خلیفہ حکومت کی نابودی کے اب گنے چنے دن باقی رہ گئے ہیں- واضح رہے کہ منامہ کی عدالت نے منگل کے روز بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان کو بے بنیاد الزامات کے تحت چار سال قید کی سزا سنائی ہے