الوقت كي رپورٹ كے مطابق حسن نصراللہ نے كل رات بيروت ميں جنوبي لبنان كي اسرائيل كے قبضے سے آزادي كي سالگرہ كي تقريب سے خطاب كرتے ہوئے كہا كہ حزب اللہ كے بہادر سپوت شام كي جنگ ميں الجھنے كے باوجود، اسرائيل كي نقل و حركت پر، نظر ركھے ہوئے ہيں جو ہمارا اصلي دشمن ہے اور ايك لمحہ بھي ہم اس سے غافل نہيں ہيں۔ حزب اللہ كے سيكريٹري جنرل سيد حسن نصر اللہ نے كہا كہ حزب اللہ كي مدد كرنے والے وفادار ساتھيوں كي حيثيت سے اسلامي جمہوريہ ايران اور شام كا كردار قابل تعريف ہے۔ انہوں نے كہا كہ اس وقت علاقے كے ملكوں، قوموں اور افواج كو وحشي تكفيريوں كا خطرہ لاحق ہے جس كا واضح نمونہ داعش اور جبھۃ النصرہ ہيں۔ حزب اللہ كے سربراہ نے يمن كي صورتحال كاذكر كرتے ہوئے كہا كہ سعودي عرب نے يمن پر حملہ كركے خود كو مشكلات ميں پھنسا ليا ہے۔