الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور 4 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں میں ناروے اور فلپائن کے سفیر جبکہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات شامل ہیں۔جبکہ پولینڈ اور ڈچ سفیروں سمیت 13افراد زخمی ہیں۔
ہیلی کاپٹرمیں 11غیرملکی اور 6 پاکستانی مسافر سوار تھے۔
پولیس کے مطابق جمعے کو ہیلی کاپٹر کی پرواز معمول کے مطابق رہی تاہم لینڈنگ کے دوران یہ آرمی پبلک اسکول کی عمارت سے ٹکرا گیا۔
واضح رہے کہ آج بروز جمعہ گلگت میں چین کے تعاون سے نلتر پاور پراجیکٹ اور چیئر لفٹ منصوبے کے افتتاح کے لیے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا دورہ کرنے والے تھے لیکن حادثے کی وجہ سے انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کردیا
واقعے کے بعد ریسیکیو ٹیمیں جائے حادثے کے مقام پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔
حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے گلگت کے ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔