الوقت کی رپورٹ کے مطابق کل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقےلوئر کرم ایجنسی میں فٹبال میچ کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔
لوئرکرم ایجنسی کے علاقے علی زئی میں اسکول گراؤنڈ میں فٹبال میچ کے دوران 2 خود کش حملہ آوروں نے گراؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کردی جس پر اسکول کے گیٹ کے باہر کھڑے لیویز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کے جسم سے بندھی خودکش جیکٹس بھی پھٹ گئیں۔
علی زئی میں حملے کے بعد فوج اور ایف سی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردی جب کہ حملہ آوروں کے اعضا بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔
کل کے حملے کے بعد اب یوں دکھائی دیتا ہے کہ دھشتگردوں نے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے کھیلوں کے گراونڈ اور پبلک مقامات کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔