الوقت کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود یمن پر سعودی عرب کی فوجی جارحیت اس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ یمن کے خلاف سعودی جارحیت سے تکفیریوں اور صیہونیوں کو بہت امید تھی لیکن وہ پوری نہیں ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کا اعتدال پسندی کا نعرہ، یمن میں اس کے روزانہ انجام پانے والے جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب جس نے گذشتہ چار ہفتوں سے یمن کے خلاف جنگ شروع کی ہے اور جس میں اب تک ہزاروں افراد شھید اور زخمی ہوئے ہیں اب اس کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ اسے کس طرح ختم کرے، سعودی عرب نے عالم اسلام میں اپنی عزت و اعتماد اور حثیت کھو دی ہے، اور اس کی ساکھ بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اسے ایسی شکست ہوئی، جس کی تلافی ممکن نہیں ہے ۔
دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا کے عوام نے عظیم الشان مظاہرہ کرکے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے حملوں کا جواب ضرور دیں گے - مظاہرین نے اس موقع پر یمن کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کے جارحانہ حملوں اور یمن کے محاصرے کی مذمت کی- مظاہرے کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ یمن کے عوام کو سعودی عرب کی جارحیت کا جواب دینے اور اپنے وسائل سے اس کا مقابلہ کرنے کا حق حاصل ہے-