الوقت - فلسطین کے مشرقی بیت المقدس کے "باب العامود" علاقے میں بدھ کو اسرائیل پولیس نے ایک فلسطینی لڑکی کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں ایک فلسطینی لڑکی کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے لیکن اس کی شناخت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔
اسرائیلی پولیس نے ایک بیان جاری کرکے دعوی کیا ہے کہ وہ فلسطینی لڑکی ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کرنے کا ارادہ رکھتی تھی اس لئے اسے گولی مار دی گئی۔
فلسطین کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے زخمی لڑکی کے علاج کے لئے امدادی اہلکاروں کو جائے حادثہ پر نہیں جانے دیا۔
در ایں اثنا العالم ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ صیہونی غاصبوں نے بیت المقدس کے "باب العامود" علاقے میں متعدد فلسطینی خواتین کو زد کوب کیا ہے۔
اسی طرح بدھ کو اسرائیلی میونسپل حکام نے مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے دو گھروں کو منہدم کر دیا۔
حالیہ دنوں میں مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں کو تیزی کے ساتھ تباہ کیا جا رہا ہے۔