الوقت - پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان- افغانستان بارڈر فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد کھولنے کا فیصلہ نیک نیتی اور جذبہ خیرسگالی کے طور پر کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جن اسباب کی بناء پر سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، امید ہے کہ ان کے تدارک کے لیے افغانستان کی حکومت اقدامات کرے گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر سے دہشت گردی کے تانے بانے ملتے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں مستقل امن بہت ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رابطے ہیں اسی لئے سرحدوں کا زیادہ دیر بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگي اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد چمن اور طورخم کے مقام پر پاک-افغان سرحد کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔