الوقت - عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں الحشد الشعبی یا عراقی رضاکار فورس کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
حیدر العبادی نے بدھ کے روز عراقی فوج کے کمانڈروں سے ملاقات میں کہا کہ ملک کی فوج کے ساتھ عراقی رضاکار فورس نے جو قربانی دی ہے اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عراقی علاقوں بالخصوص موصل کو داعش سے آزاد کرانے میں رضاکار فورسز کا بہت ہی اہم کردار رہا ہے۔
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے مزید کہا کہ الحشد الشعبی کو بدنام کرنے اور اس کو کمزور کرنے کی اجازت کبھی بھی نہیں دی جائے گی۔ حیدر العبادی نے کہا کہ ہم کامیابی سے جتنے بھی قریب ہو رہے ہیں، اختلافات کی باتیں اور متنازع بیانات اتنے ہی سامنے آ رہے ہیں تاہم عراقیوں نے یہ ثابت کر دیا کہ تمام عراقی داعش کے خلاف جنگ میں ایک ہی صف میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ فتنے اور فساد کی کوشش کر رہے ہیں، ان کو ہمارے درمیان نہیں ہونا چاہئے۔ عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ عراقی رضاکار فورس یا الحشد الشعبی نے ملک کی خدمات میں اہم کردار ادا کیا ہے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ نے 20 نومبر 2016 کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس کی بنیاد پر عراقی رضاکار فورس اب عراقی فوج کا ایک حصہ تصور کی جائے گی۔ دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے والے کچھ ممالک نے عراقی پارلیمنٹ کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔