الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں تاکید کی کہ دونوں ممالک میں، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کی توسیع کی بے پناہ صلاحیتیں پائی جاتی ہیں اور دونوں ممالک کی قوموں کی خواہشات کے مطابق ان مواقع سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان میں ای سی او کے رکن ممالک کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے توقع کی ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ای سی او کانفرنس میں، رکن ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور اس علاقائی تنظیم کا تعاون مضبوط ہوگا ۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی 38ویں سالگرہ کی مناسبت پر ایرانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے زیادہ سے زیادہ تعلقات میں توسیع، پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ہے۔
نواز شریف نے ایران کو پاکستان کا دوست اور برادر ملک قرار دیا اور کہا کہ ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو ماضی سے زیادہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے اسی طرح صدر روحانی کو ای سی او کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اس کانفرنس میں ایران کی موجودگی، ای سی او کے مقام و منزلت میں اضافے کے لئے بہت اہم ہے۔