الوقت - عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ عمار حکیم نے تاکید کی ہے کہ عراق کے بحران سے نکلنے کے لئے عراقی عوام کے پاس ایک راستہ ایک دوسرے کے ساتھ اخوت اور آپس میں پر امن طریقہ سے رہنا ہے۔
انہوں نے بغداد میں منعقد عراقی قبائل کے عمائدین کی کانفرنس میں کہا کہ غیر ملکی اور بین الاقوامی ضمانت عراق کے مفاد میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراقی عوام کو بحران سے جو چیز نکلا سکتی ہے وہ ملک کے عوام کی آپسی سوجھ بوجھ ہے۔ عمار حکیم نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے لئے مجھے اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نظر نہیں آتا۔
سید عمار حکیم نے کہا کہ جو بھی ساتویں شق اور بین الاقوامی و اسلامی تحفظات کے تحت عراق میں داخل ہوگا اسے ہم قبول نہیں کریں گے، ہم کو خود پر، اپنی پالیسیوں پر، اپنے رہنماؤں پر اور اپنے معاشرے پر اعتماد کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپسی گفتگو کا منصوبہ روکنا نہیں چاہئے۔
سید عمار حکیم کا کہنا تھا کہ ملک کا آئین اور سیاست، گفتگو کے دو اصل محور ہیں جن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں وسیع منصوبے کی ضرورت ہے جس میں اجتماعی اور سیاسی پہلو شامل ہوں۔