الوقت - ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ یقینی طور پر شام کی کامیابیاں، شام کے عوام، فوج اور مزاحمت کے محاذ کی پائمردی اور استقامت کی مرہون منت اور ایران و شام کی سیاسی اور جنگی ہماہنگی کا نتیجہ ہے۔
ایران نے نائب صدر نے منگل کی شام، شام کے وزیراعظم عماد خمیس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے شام کے اعلی وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ حاصل کامیابیوں کی حفاظت کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مزید ہماہنگی اور مشوروں کی ضرورت ہے اور اقتصادی شعبے میں تعمیر نو کے لئے بھی دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مسلسل تبادلہ خیال جاری رہنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران اور شام کے تعلقات بہت اچھے اور مضبوط رہے ہیں جن کی بنیاد امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور مرحوم صدر حافظا الاسد نے رکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدام کی جانب سے مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ دوران شام کی حکومت اور عوام، ایران کے ساتھ تھے۔ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ شام کی حکومت کچھ عرصے سے بعض علاقائی اور عرب حکومتوں کے اشتعال انگيز اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی کا سامنا کر رہی ہے جس کا نتیجہ تشدد اور قتل عام کے علاوہ کچھ اور برآمد نہیں ہوا اور ایران کی حکومت اور عرام کی حیثیت سے ہم نے شام کی قانونی حکومت اور عوام کی اس تناظر میں حمایت کی اور ان کی مدد کی۔
واضح رہے کہ شام کے وزیر اعظم ایک اعلی وفد کے ساتھ تہران کے دورے پر ہیں۔ اس سے پہلے ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اور شام کے وزیر اعظم کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں پانچ معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔