الوقت - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو سعودی عرب کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو حج کے لئے سعودی عرب کی جانب سے ابھی تک کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دعوت نامہ ملنے اور حالات کے سازگار ہونے کے بعد، متعلقہ حکام کی جانب سے موضوع کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔
اس سے پہلے ایران کے حج اور زیارت کے ادارے کے سربراہ حمید محمدی نے بھی اس بات کی تردید کی تھی کہ اگلے سال حج کے موضوع پر گفتگو کے لئے سعودی عرب کی جانب کوئی دعوت نامہ ملا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کے حج اور عمرے کے وزیر محمد البنتين نے دعوی کیا تھا کہ ریاض نے ایران کے حج اور زیارت کے ادارے کے وفد کو حج کے امور پر تبادلہ خیال کے لئے دعوت نامہ ارسال کیا ہے۔
سعودی عرب نے بے بنیاد بہانہ بنا کر گزشتہ سال ایران اور شام سمیت کچھ ممالک کے شہریوں کو حج ابراہیمی کے فریضہ سے محروم کر دیا تھا۔
2015 میں سعودی عرب کی نااہلی کی وجہ سے منا سانحہ رونما ہوا جس کے دوران 477 ایرانی حاجیوں سمیت سات ہزار سے زیادہ حاجی شہید ہو گئے تھے۔