الوقت - امریکا میں یہودیوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے اجتماع کرکے اسرائیل مخالف سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کی حمایت کی ہے ۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کرنے والے یہودیوں نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے کالونیوں کی تعمیر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسی طرح یہودی مظاہرین نے تاکید کی کہ فلسطین کی مقبوضہ سرزمین کو جلد از جلد فلسطینیوں کو واپس دی جانی چاہیے۔
سلامتی کونسل نے گزشتہ 23 دسمبر کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں کالونیوں کی تعمیر بند کر دے۔
اسی طرح سلامتی کونسل کی قرارداد میں صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مشرقی بیت المقدس سمیت فلسطین کے مقبوضہ تمام علاقوں میں کالونیوں کی تعمیرات بند کرے۔
سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد میں اسرائیل کی جانب سے صیہونی کالونیوں کی تعمیرات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے گزشتہ 23 دسمبر کو اسرائیل کے خلاف جو قرارداد منظور کی تھی اس کے حق میں سلامتی کونسل کے 14 ارکان نے ووٹ ڈالے تھے جبکہ صرف امریکا نے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔