الوقت - فلپائن کے صدر اقوام متحدہ کی جانب سے کئے جا رہے جانبدارانہ اقدامات سے اتنے ناراض ہیں کہ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اقوام متحدہ کی عمارت کو آگ لگا دیں گے۔
اخبار انڈيپینڈینٹ کے مطابق فلپائن کے صدر رڈرگو ڈوٹرٹے نے ایک فوجی پروگرام کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی جاکر میری اس بات کی شکایت اقوام متحدہ میں کر سکتا ہے لیکن یہ سچ ہے کہ میں جب بھی امریکا جاؤں گا تو پہلا کام یہ کروں گا کہ اقوام متحدہ کی عمارت کو آگ لگاؤں گا۔
قابل ذکر ہے کہ فلپائن کے صدر نے اب تک کی سب سے بڑی دھمکی ایسے وقت میں دی ہے جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی تنظیم نے فلپائن میں منشیات کے اسمنگلروں کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم کا خیال ہے کہ جب سے رڈرگو ڈوٹرٹے فلپائن کے صدر بنے ہیں اور انہوں نے اقتدار سنبھالا ہے تب سے اب تک اس ملک میں منشیات کے 6 ہزار سے زیادہ اسمنگلروں کو قتل کیا جا چکا ہے۔
در ایں اثنا فلپائن کے صدر رڈرگو ڈوٹرٹے نے اقوام متحدہ کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ فلپائن حکومت اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فوجداری کی عدالت کی رکنیت چھوڑ دے گی اور امریکہ کے ساتھ جاری ہر طرح کے تعاون کو ختم کر دے گی۔