الوقت - شام میں سرگرم دہشت گردوں کا منفور چہرا سامنے آگیا ہے۔ دہشت گردوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ایسا کام کیا جس سے انسانیت شرمسار ہو گئی۔
شام کے سرکاری ٹی وی چینل نے بتایا کہ دمشق کے میدان علاقے میں واقع پولیس اسٹیشن میں جمعہ کو ایک سات سالہ خود کش حملہ آور بچی نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ شام کے اخبار الوطن کے مطابق، دمشق کے میدان علاقے کے پولیس اسٹیشن میں ہوئے اس واقعہ میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بچی نے دھماکہ خیز اشیاء سے بھرا ہوا بیلٹ کمر میں باندھ رکھا تھا۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی یہاں ایک دہشت گردانہ حملہ کیا جا چکا ہے لیکن یہ اس طرح کا اب تک کا پہلا واقعہ ہے جس میں ایک سات سالہ بچی کو استعمال کیا گیا ہے۔
ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ ایک چھوٹی لڑکی پہلے پولیس اسٹیشن میں داخل ہوتی ہے اس کے بعد وہ وہاں باتھ روم کے لئے پوچھتی ہے۔ تبھی وہاں سب کی نظر اس کی کمر پر بندھے ہوئے دھماکہ خیز مواد پر پڑتی ہے۔
لندن واقع شام کے نام نہاد انسانی حقوق مرکز کے سربراہ رامی عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ایک خاتون ہلاک ہوئی جبکہ یہ پتا نہیں چل سکا کہ وہ کہاں ہلاک ہوئی۔