الوقت - شام کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی سے جدوجہد اور اس کے مکمل خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
ولید المعلم نے شام کے امور میں چین کے خصوصی ایلچی شيے شياويان سے ملاقات میں کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے حامی ممالک اور حکومتوں خاص طور پر ترکی، سعودی عرب اور قطر کو دہشت گردی سے جدوجہد کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے احترام پر پابند کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دمشق، دہشت گردی سے جدوجہد جاری رکھے گا اور اسے اپنی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ شام کے وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں میں شام کے بارے میں چین کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے حلب سے تمام دہشت گردوں کے انخلاء کے بغیر اس شہر میں جنگ بندی کے قیام کے سلامتی کونسل کی تجویز کو ویٹو کرنے کی وجہ سے چین اور روس کا شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات میں شام کے امور میں چین کے خصوصی ایلچی شيے شياويان نے کہا کہ ان کا ملک شام میں امن و استحکام کی بحالی کا خواہش مند ہے اور اسے امید ہے کہ شامی فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے اس ملک کے بحران کا کوئی نہ کوئی سیاسی حل نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شام کے مستقبل کے تعین کا حق صرف اس ملک کے عوام کو ہے۔