الوقت - لیبیا کے شہر بن غازی میں ہونے والی جھڑپوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق، لیبیا کے ہسپتال کے ایک اہلکار نے بدھ کو بتایا کہ ملک کے مشرقی شہر بن غازی میں گزشتہ دو دنوں سے جاری جھڑپوں میں کم از کم 20 فوجی ہلاک اور 40 دیگر زخمی ہو گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق، یہ جھڑپیں بن غازی میں ایسی حالت میں ہو رہی ہیں کہ لیبیا کی قومی فوج جو اس ملک کے مشرق میں موجود حکومت کی وفادار ہے، علاقے پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے، اس شہر پر مکمل کنٹرول کرنے اور دہشت گردوں کے وجود سے شہر کو پاک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
لیبیا کی قومی فوج نے جس کے کمانڈر خلیفہ حفتر ہیں، جاری برس میں بن غازی میں کافی کامیابیاں حاصل کیں لیکن اب بھی اس کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔
پانچ سال پہلے لیبیا میں معمر قذافی کی آمریت کے خاتمے کے بعد بدامنی کا سلسلہ جاری ہے۔ لیبیا میں 2014 میں دو متوازی حکومتیں اور پارلیمنٹ، ایک طرابلس میں اور دوسری مشرقی لیبیا میں وجود میں آئیں اور دونوں کو ہی مسلح گروہوں کے اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔
ان گروہوں نے لیبیا کی قومی اتفاق کی حکومت کا جو طرابلس میں ہے اور جس کی اقوام متحدہ بھی حمایت کرتا ہے، مخالفت کی ہے۔