الوقت - امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے فون پر گفتگو کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان شام کے بحران کے حل اور دونوں ممالک کے مفادات سے وابستہ متعدد مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔
روس کے مطابق اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے روس - امریکہ تعلقات کو معمول پر لانے پر تاکید کی ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ مساوات کے اصول کی بنیاد پر امریکا کی نئی انتظامیہ کے ساتھ گفتگو شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔
ٹرمپ نے پوتین کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک تجربہ کار رہنما قرار دیا ہے۔ اس کے جواب میں پوتین نے ٹرمپ کو منفرد شخصیت کا حمل قرار دیا اور کہا کہ ان کے باصلاحیت ہونے پر کوئی شک نہیں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے یہ بات بھی تسلیم کی ہے کہ روس اور امریکا کے موجودہ تعلقات انتہائی مایوس کن دور سے گزر رہے ہیں۔
پوتین اور ٹرمپ نے ایک دوسرے سے فون کے ذریعہ رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اور ان کے درمیان مستقبل میں ملاقات پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد ولادیمیر پوتین نے سب سے پہلےانہیں کامیابی پر مبارک باد دی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ جنوری 2017 میں عہدہ سنبھالیں گے۔