الوقت - پاکستان نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا ان کا بیان بھی یاد دلایا۔
اسلام آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے نفیس زکریا نے کہا کہ امریکا کے نومنتخب صدر نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی اور ہم نے ان کی اس پیشکش پر ان کا خیر مقدم بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوستانہ ماحول دیکھنا چاہتا ہوں کیوں کہ یہ معاملہ بہت گرم ہے اگر دونوں ملک دوستانہ ماحول میں ساتھ رہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ وہ ایسا کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے امریکی دوستوں خاص طور پر جو انتظامیہ میں ہیں، پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ تنازعات خاص طور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔