الوقت - امریکہ کے سابق صدر اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن نے انتخابی مہم کے دوران امریکہ کی ترقی میں مسلمانوں کی خدمات کا اعتراف کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو بل کلنٹن نے کہا ہے کہ مسلمانوں نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو نیویارک میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر اعجاز احمد کی رہائش گاہ پر پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خطاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان امریکہ کا مضبوط اتحادی ہے ہم پاکستان میں جمہوریت اور معیشت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ڈونالڈ ٹرمپ کے بیانات سے امریکہ کو نقصان پہنچا، ہیلری کلنٹن تجربہ کار اور امریکی صدارت کی مضبوط امیدوار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں اور خصوصا پاکستانیوں نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جب میں امریکہ کا صدر تھا تو ہماری پالیسی تھی کہ دنیا میں امن قائم رہے اور تمام مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم مسلمانوں نے محنت سے اپنا مقام حاصل کیا ۔