الوقت - عراق میں مجلس عزاء میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 17 عزادار شہید اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ بغداد میں منعقد ایک مجلس عزاء میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں 17 عزادار شہید اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
روئٹرز نے بتایا کہ مجلس سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ایک کیمپ میں منعقد ہو رہی تھی کہ خودکش حملہ آور کیمپ میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مجلس بغداد کے ایک پرہجوم علاقے میں ایک کیمپ میں ہو رہی تھی۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کو فوری نزدیکی اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے جس سے شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم عراق اور دوسرے مالک میں عزاداروں پر حملے میں داعش کے تکفیری دہشت گرد ہی ملوث ہوتے ہیں۔