الوقت - پاکستان میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاوس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے پاکستان، ہندوستان کی کسی گیدڑ بھبکی میں نہیں آئے گا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، قومی سلامتی کے اجلاس میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جارحانہ طریقوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قیمت پر ملک کے دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان، دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں ملک کی داخلی و بیرونی کی سکیورٹی کی صورتحال، بالخصوص لائن آف کنٹرول کی سکیورٹی کی صورتحال اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، وفاقی وزرا، قومی سلامتی کے مشیر، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او، سیکریٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن، سکریٹری خارجہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔