الوقت - جمہوریہ آذربائجان کی حزب اسلام پارٹی کے جیل میں بند رہنما ڈاکٹر محسن صمد اف نے ملک میں آئین کے بارے میں ریفرنڈم کے انعقاد پر اعتراض کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کر دی۔
اسلامین سسی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے الوقت نے رپورٹ دی ہے کہ حزب اسلام کے رہنما ڈاکٹر محسن صمد اف نے ملک میں ریفرنڈم کے انعقاد پر اعتراض کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ ڈاکٹر محسن کے وکیل یالچین ایمان اف نے اسلامین سسی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محسن صمداف نے ملک میں آئین کے بارے میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم اور جناب طالع باقراف اور ان کے حامیوں کو جیل میں اذیتیں دیئے جانے کے خلاف پیر سے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ بھوک ہڑتال سے بڑھ کر اعتراض کرنے کا کوئي ذریعہ نہیں تھا اسی لئے موکل نے اپنا اعتراض ظاہر کرنے کے لئے بھوک ہڑتال کا سہارا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اسلامی پارٹی کے رہنما نے اس حوالے سے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج کی موجودہ صورتحال پر اعتراض کرنا، ہم سب کی تاریخی اور شرعی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ جمہوریہ آذربائجان میں 26 ستمبر 2016 کو آئین کے بارے میں ریفرنڈم منعقد ہوگا جس میں عوام سے صدارتی عہدے کی مدت 5 سال سے بڑھا کر 7 سال کئے جانے کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔