الوقت - مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں کی املاک تباہ کرنے کے تازہ سلسلے میں بدھ کو مشرقی القدس کے ایک صنعتی پارک کے قریب صیہونی فوجیوں کی نگرانی میں بلڈوزروں سے بہت عمارتیں منہدم کی گئیں۔
مقامی شہریوں اور گواہوں کا کہنا ہے کہ بدھ کو صہیونی فوجیوں نے گھر کے مالکان کی غیر موجودگی میں گھروں کو منہدم کرنا شروع کیا اور اس طرح انہیں اتنا بھی وقت نہ دیا کہ وہ گھر سے سامان نکال سکیں۔
منگل کو صہیونی فوجیوں نے مشرقی القدس کے سلوان علاقے میں ایک فلسطینی گھر منہدم کیا۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صیہونی حکومت نے مشرقی القدس میں 40 سے زیادہ فلسطینیوں کے گھر مسمار کرائے ہیں۔
صیہونی انسانی حقوق گروپ بیت سلم کے مطابق، گزشتہ 12 سال میں تقریبا 579 گھر تباہ کئے گئے جس کی وجہ سے 2218 فلسطینی بے گھر ہوئے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور سفارتکاروں نےصیہونی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔