الوقت - شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے شامی عوام اور فوج کی جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے مشرقی غوطہ میں فوج اورعوامی رضاکار فورس کی یونٹوں اور فوجی کمانڈروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے محاذ پر تعینات فوجیوں سے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہماری تاریخ ساز جنگ، ان کی مکمل نابودی تک جاری رہے گی ۔
شامی صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ذریعے شام پر مسلط کی گئی جنگ میں شامی فوجیوں کی فداکاریاں، شام کی محافظ ہیں اور شام کی تمام طاقتین ان کامیابیوں سے حوصلہ پا رہی ہیں ۔ بشار اسد نے شامی فوجیوں اور رضاکار فورس کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ شامی فوج کے جوانوں کے اہل خانہ کی ثابت قدمی اور بلند حوصلے، ان کے جیالوں کے ارادوں اور حوصلوں کو فولادی عزم میں تبدیل کرنے میں بنیادی کردار کے حامل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مضبوط اور فولادی ارادوں کی وجہ سے ہی فوجی، دشمن کے مقابلے میں فتوحات حاصل کررہے ہیں ۔
مشرقی غوطہ میں تعینات فوجیوں اور کمانڈروں نے بھی صدر بشاراسد کے محاذ جنگ کے دورے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شامی عوام اورحکام کی حمایت ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔ واضح رہے کہ بشار اسد نے جس علاقے کا دورہ کیا ہے وہاں سے صرف 70 میٹر کے فاصلے پر دشمن گھات لگائے بیٹھے ہوئے تھے۔