الوقت - نائیجیریا کی فوج نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ بوکو حرام کی جانب سے قید کئے گئے پانچ ہزار لوگوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔
فوج نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ان لوگوں کو گزشتہ ہفتے کے آخری دنوں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران آزاد کرایا گیا۔ نائیجیریا کی فوج نے گزشتہ سال، کبھی کبھی پڑوسی ممالک کی فوجوں کی مدد سے بوکو حرام کے قبضے میں آجانے والے اپنے ملک کے کئی علاقوں کو آزاد کرایا ہے۔ نائیجیریا کی فوج نے اسی طرح بتایا ہے کہ 15 دیہات میں کی گئی کارروائیوں میں بوکو حرام کے 6 دہشت گرد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ بیان کے مطابق بوکو حرام کی جانب سے قید کئے گئے 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی بیعت کرنے والے بوکو حرام نامی دہشت گرد گروہ نے 2009 سے اب تک نائجیریا اور دیگر افریقی ممالک میں متعدد دہشت گردانہ حملوں اور بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس دہشت گرد گروہ کے حملوں میں اب تک کم از کم 20 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 25 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔