الوقت - ایک نیا تنازعہ پیدا کرتے ہوئے وشو ہندو پریشد( وی ایچ پی) لیڈر سادھوی پراچی نے منگل کو کہا کہ ہندوستان کو مسلمانوں سے آزاد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
اکثر تنازعات میں رہنے والی سادھوی نے دعوی کیا کہ 'کانگریس سے آزاد' ہندوستان کا مشن مکمل ہو گیا ہے اور اب ملک کو مسلمانوں سے آزاد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
سادھوی پراچی نے روڑکی میں کہا کہ اب جبکہ ہم نے' کانگریس سے آزاد 'ہندوستان بنانے کا مشن مکمل کر لیا ہے، اب ہندوستان کو مسلمانوں آزاد بنانے کا وقت آ گیا ہے۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ ' روڑکی میں گزشتہ ہفتے ردی کی ایک دکان کو جبرا خالی کرانے کے لیے لے کر دو فرقوں کے درمیان جھڑپ میں کم از کم 24 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
خان پور کے ممبر اسمبلی کنور پرنب سنگھ چیمپئن کے گھر پر ایک فرقے کے لوگوں نے حملہ کیا تھا اور ان لوگوں کا الزام تھا کہ ممبر اسمبلی کے حامیوں نے دکان خالی کراتے وقت ان کی مقدس کتاب کی توہین کی تھی۔ سادھوی نے دعوی کیا کہ چیمپئن کے گھر پر حملہ 'منظم' سازش تھی۔ چیمپئن کانگریس کے ان نو اراکین اسمبلی میں سے ایک تھے جنہوں نے وزیر اعلی ہریش راوت کے خلاف بغاوت کی تھی اور حال ہی میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے ۔
اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلی کے عہدے کے لئے اپنا امیدوار اعلان کرتی ہے تو اسے ریاست میں 300 سیٹیں مل جائیں گی۔