الوقت - ہندوستان کے ممتاز عالم دین اور امام جمعہ لکھنو مولانا کلب جواد نقوی نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی توہین کرنے والے اخبار کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔
مولانا کلب جواد نے ہندوستان کے ایک ہندی اخبار کو بھیجے قانونی نوٹس میں کہا ہے کہ اخبار کی ویب سایٹ نے مسلمانوں بالخصوص شیعہ برادری کے مذہبی جذبات کو شدید چوٹ پہنچائی ہے۔ مولانا جواد کی جانب سے بھیجی گئی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اخبار نے بغیر کسی تحقیقات کے ہمارے رہبر معظم کو آمروں کی فہرست میں شامل کر کے ان کی توہین کی ہے اور ایک خاص کمیونٹی کے ایمان اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کام کیا ہے۔
مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں رہبر کا انتخاب، ایران کے عوام ووٹ ڈال کر کرتے ہیں جس کو واضح اکثریت سے منتخب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے موجودہ مذہبی رہنما بغیر کسی طاقت اور ظلم و ستم کے عوام کی مرضی اور حمایت سے ملک کی ترقی اور ایران کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
امام جمعہ لکھنؤ نے کہا ہے کہ آیة اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ایک عالمی سطح کے مرجع تقلید اور رہبر ہیں، جن کی پوری دنیا میں لاکھوں افراد تقلید کرتے ہیں اور انہیں ولي فقیہ سمجھا جاتا ہے، اس وجہ سے ان کی توہین پوری دنیا کے شیعوں کی توہین کرنے جیسا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ اخبار کی ویب سایٹ نے مسلسل مخالفت، ای میل اور خط و کتابت کے بعد اپنی ویب سایٹ سے قابل اعتراض جملہ ہٹا دیا تھا، مگر یہ نوٹس اس لیے بھیجا گیا ہے کہ بغیر کسی جانچ و تحقیقات کے اور صحافت کی ذمہ داریوں سے نظر انداز کرتے ہوئے ایسی خبروں کو کیوں شائع کیا گیا جس سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہو اور امن میں خلل واقع ہونے کا خطرہ ہو۔ واضح رہے کہ ابھی تک اس پورے مسئلے پر اخبار کی ویب سایٹ نے معافی نہیں مانگی ہے۔