الوقت - ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی 5 ممالک کے دورے کے دوسرے مرحلے میں سنیچر کو دوہ پہنچ گئے۔
انہوں نے وہاں بر سر روزگار ہندوستانیوں سے وعدہ کیا کہ وہ ان کے مسائل کو خلیجی ممالک کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم کا یہ قطر کا پہلا دورہ ہے۔ دوحہ پہنچنے سے پہلے وہ افغانستان گئے جہاں انھوں نے ہندوستان-افغانستان دوستی ڈیم کا افتتاح کیا۔
واضح رہے کہ مودی 5 روزہ غیر ملکی دورے پر ہیں جس کا پہلا پڑاو افغانستان تھا۔ اس کے بعد وہ قطر پہنچے جہاں سے ان کی روانگی سوئٹزرلینڈ، امریکا اور میکسیکو کے لئے ہوگی۔ قطر پہچنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے دوحہ کے ایک میڈیکل کیمپ میں ہندوستانی مزدوروں سے خطاب کیا اور کہا کہ وہ یہاں ہندوستانی مزدوروں کے مسائل سے واقف ہیں اور اس معاملے کو وہ ملک کے سربراہاں کے ساتھ اٹھائیں گے۔ مودی قطر کے سلطان شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اتوار کو تفصیلی گفتگو کریں گے۔