الوقت - افریقی ملک چاڈ کے سابق صدر حسین حبری کو انسانیت کے خلاف جرم کا مجرم قرار دیا گیا ہے اور عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
سینیگال کے دار الحکومت ڈاکار میں افریقی یونین کی حمایت یافتہ ایک عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔ حبری 1982 سے 1990 تک چاڈ کے حکمران رہے۔ جج نے اس دوران انہیں عصمت دری، جنسی استحصال اور ہزاروں لوگوں کے قتل کروانے کا مجرم قرار دیا۔
حبری پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اس آٹھ سال کے دور اقتدار میں 40 ہزار لوگوں کا قتل کروایا۔
جیسے ہی حسین حبری کو جج نے عمر قید کی سزا سنائی کورٹ میں موجود لوگ خوشی سے چلانے لگے اور زور زور سے تالیاں بجانے لگے۔ متاثرین کی وکیل جیکولین ماودینيا نے کہا کہ پورے افریقہ میں اس فیصلے سے بے حد خوشی ہے کیونکہ ہم نے پوری دنیا میں اور خاص طورپر چاڈ میں پیغام دیا کہ آمروں کا کیا انجام ہوتا ہے۔ ہر طرف خوشی ہے، جوش و خروش ہے۔ ہلاک ہونے والوں کے خاندان والوں نے بھی فیصلے کو تاریخی کہا۔
حبری نے پوری سماعت کے دوران عدالت کی قانونی حیثیت پر ہی سوال اٹھائے اور اپنے اوپرعائد تمام الزامات سے انکار کیا۔
اپنے دور اقتدار کے دوران انہیں امریکا کی حمایت حاصل تھی۔ انہیں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔