الوقت - موٹاپے کا شکار حضرات پریشان نہ ہوں ان کےلئے ہم چند نسخوں کا ذکر کر رہے ہیں۔
نمک کا کم استعمال
غذا میں زیادہ نمک پانی کی گردش کو روک دیتا ہے تو نمک کا کم استعمال کریں جس سے پانی کے وزن میں کمی آئے گی۔
چھوٹی پلیٹوں میں کھانا
بڑی کی جگہ چھوٹی پلیٹوں میں کھانا بھی ایک کامیاب حکمت عملی ہے۔ کارنیل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق بڑی پلیٹوں میں کھانے والے اوسطاً 16 فیصد زیادہ کھاتے ہیں۔
چیونگم چبائیں
رہوڈ آئی لینڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو بالغ افراد صبح کے وقت ایک گھنٹے تک چیونگم چباتے ہیں، انہیں بھوک کم لگتی ہے اور وہ دوپہر کے کھانے میں 67 گرم کیلوریز کا کم استعمال کرتے ہیں۔ پیپرمنٹ گم کا انتخاب کرنے سے آپ بے وقت کی بھوک پر قابو پانے کی کامیاب کوشش کرسکتے ہیں۔
غذا میں بتدریج کمی لانا
اپنے ایک دن کی غذا کو مکمل طور پر اچانک بدل دینا کچھ اچھا خیال نہیں، بس روزانہ کسی نہ کسی چیز کے استعمال سے گریز کریں جس سے کچھ سو کیلوریز کی کمی جلد موٹاپے میں کمی کے مقصد میں کامیابی دلاسکیں گے۔
پانی کا بڑا گلاس
جسم میں پانی کی مقدار کی کمی نہ آنے دینا بھوک کو قابو میں رکھتا ہے۔ اب جب بھی آپ کو بے وقت منہ چلانے کی خواہش ہو تو پانی کا ایک گلاس پی لیں اور آدھے گھنٹے تک انتظار کریں تاکہ پتا چل سکے کہ آپ واقعی بھوکے ہیں یا نہیں۔
مرچوں کا اضافہ
اپنی غذا میں مرچ کا اضافہ کرنے سے اضافی کیلوریز کو جلانے میں مدد ملے گی۔ کینیڈا کی لاوال یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق مرچ میں موجود اجزاء میٹابولزم کی رفتار بڑھاتا ہے جبکہ ایڈرنالائن کی سطح بھی بڑھتی ہے جو کھانے کی اشتہا کو قابو میں رکھتی ہے۔
سافٹ ڈرنکس سے دوری
صحت بخش غذاﺅں کے استعمال کے باوجود آپ کا جسمانی وزن کم نہیں ہورہا ؟ تو درحقیقت آپ جوس اور سافٹ ڈرنکس کی شکل میں زیادہ کیلوریز کا استعمال کررہے ہیں۔ اگر آپ اس کے بجائے لیموں پانی کا استعمال کریں تو زائد چربی کو گھلانے کا عمل تیزی سے مکمل کرسکتے ہیں۔