الوقت - میانمار کے صوبہ راخین کے ساحل پر ایک کشتی کے غرق ہونے سے تقریبا نو بچوں سمیت دسیوں روہنگیا مسلمان جاں بحق ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بدھ کو بتایا ہے کہ صوبہ راخین کے روہنگیا مسلمان خریداری کے لئے مقامی بازار جا رہے تھے کہ صوبہ راخين کے ساحل پر کشتی غرق ہو گئی جس سے 9 بچوں سمیت کم از کم 21 افراد ڈوب گئے۔ کشتی میں کل 60 افراد سوار تھے۔
میانمار کے مغرب میں واقع صوبہ راخين کے پناہ گزین کیمپ میں دسیوں ہزار روہنگیا مسلمان رہتے ہیں جو بہت ہی قابل رحم حالت میں رندگی بسر کر رہے ہیں۔ 2012 سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کاروائیاں جاری ہیں اور اب تک بدھسٹ انتہا پسند عناصر کے ہاتھوں سیکڑوں مسلمان جاں بحق ہو چکے ہیں۔
میانمار کی حکومت اس ملک کے مسلمان شہریوں کو ان کا حق نہیں دے رہی ہے اور اس بات پر مصر ہے کہ یہ مسلمان غیر قانونی مہاجر ہیں جو بنگلا دیش سے آئے ہیں جبکہ میانمار میں رہنے والے روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ وہ میانمار کے مقامی شہری ہیں۔