الوقت - ہندوستان کی ریاست کیرالا کی ایک مندر میں بھیانک آتشزدگی کے الزام میں پولیس نے 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
کیرالا کے ڈی جی پی نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ کیرالا کی حکومت کے مطابق اس حادثے میں ابھی تک 112 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
ہندوستان کی ریاست کیرالا کے کولم ضلع میں واقع پتنگل مندر میں اتوار کی صبح تقریبا ساڑھے تین بجے بغیر اجازت آتشبازی کی گئی جس کی چنگاری نے شدید آگ کی شکل اختیار کر لی۔ اس حادثے میں تقریبا 112 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی حالات کا جائزہ لینے اور ہلاک شدگان سے اظہار ہمدری کرنے کے لئے طیارے سے کولم پہنچے ۔ انھوں نے اسے ایک خوفناک حادثہ قرار دیا ہے۔
ہسپتال میں داخل بہت سے لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مودی نے مشورہ دیا کہ زخمیوں کو علاج کے لئے ممبئی یا نئی دہلی لے جایا جا سکتا ہے۔
کیرالا کے وزیر اعلی اومن چانڈی نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ انھوں نے ہر زخمی شخص کے لئے دو لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی شخص کے لئے پچاس ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ چانڈی نے ایک عدالتی انکوائری کا بھی حکم دیا اور ساتھ میں کیرالہ پولیس کی کرائم برانچ کو اس بات کی تحقیقات کا حکم دیا کہ آتش بازی کس طرح موت کے کھیل میں بدل گئی۔