الوقت - ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی پاکستان کے وزیر اعظم اور صدر کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے والے ہیں۔
ان کا یہ دورہ 25 اور 26 مارچ کو ہوگا۔ حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر حسن روحانی کے میڈیا انچارج پرویز اسماعیلی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت جمعے کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کی باضابطہ دعوت پر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع خاص کر جے سی پی او اے کے بعد اقتصادی تعاون میں توسیع کے مسائل پر گفتگو ہوگی۔ اس سے پہلے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی کے دورہ اسلام آباد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔
نواز شریف نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے ملاقات میں کہا کہ ہم اس ہفتے صدر روحانی کی آمد کے منتظر ہیں۔ اس دورے سے ہمیں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
صدر روحانی 25 اور 26 مارچ کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ان کے وفد میں بڑے تاجر بھی شامل ہوں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم تجارتی تعاون میں توسیع کے لئے علاقائی تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے ایجنڈے پر توجہ دے رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ تجارت کے میدان میں تمام مواقع کو استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا کہ ہمیں مئی 2014 میں نواز شریف کے دورے کے دوران صدر روحانی سے ملاقات میں معین کئے گئے 5 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے کوششوں کو تیز کرنے کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ چار سال میں یہ ایران کے صدر کا پہلا پاکستان کا دورہ ہوگا ۔ اس سے پہلے فروری 2012 میں اسلام آباد میں سہ فریقی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے صدر احمدی نژاد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔