~~فاطمہ ثریا بجیا ادبی دنیا کی معروف شخصیت تھیں۔ ان کا خاندان بھی ادبی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ معروف میزبان اور ادیب انور مقصود ان کے بھائی جبکہ زبیدہ آپا اور شاعرہ زہرہ نگار ان کی چھوٹی بہنیں ہیں۔
ان کے بھائی انور مقصود کا کہنا تھا کہ فاطمہ ثریا بجیا کافی عرصے سے علیل تھیں۔ ان کے انتقال پر پورا خاندان دکھ اور صدمے کا شکار ہے۔ فاطمہ ثریا بجیا کی تدفین آج جمعہ کو کی جائے گی۔
فاطمہ ثریا بجیا نے ٹیلی وژن کے علاوہ ریڈیو اور سٹیج کیلئے بھی کام کیا۔ فاطمہ ثریا بجیا یکم ستمبر 1930ء کو بھارتی شہر حیدر آباد کے ضلع کرناٹک میں پیدا ہوئیں۔ ان کو 1997ء میں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا جن میں جاپان کا اعلیٰ سول ایوارڈ بھی شامل ہے۔ 2012ء میں ان کو صدر پاکستان کی طرف سے ہلال امتیاز سے نوازہ گیا۔
فاطمہ ثریا بجیا نے باقاعدہ تعلیم حاصل کئے بغیر ہی ادب کو کچھ یوں نئی جہتوں سے روشناس کرایا کہ عالم کہلائیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی ڈرامہ تاریخ ان کے بغیر ادھوری ہے۔ بجیا نے شمع، عروسہ، افشاں اور زینت کے ذریعے اپنا آپ منوایا۔ انا سے لیکر آگاہی تک ان کی تمام تصانیف نے بھی خوب پذیرائی سمیٹی۔