الوقت کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری شعبے کے ان سپاہیوں نے، جنہوں نے حال ہی میں خلیج فارس میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے امریکی فوجیوں کو گرفتار کرلیا تھا، اتوار کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر،سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سپاہیوں کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ خلیج فارس میں ایران کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے امریکی بحریہ کے فوجیوں کے تعلق سے اٹھایا جانے والا قدم بروقت، دلیرانہ اور ایمان پر استوار تھا ۔ آپ نے فرمایا کہ درحقیقت اس کو خدا کا کام سمجھنا چاہئے جو امریکی فوجیوں کو ہماری سمندری حدود میں کھینچ کے لایا تاکہ آپ کے بروقت اقدام کے نتیجے میں وہ اس طرح گرفتار کئے جائیں کہ وہ اپنے ہاتھ سروں پر رکھے ہوں ۔
یاد رہے کہ بارہ جنوری دو ہزار سولہ کو امریکی بحریہ کی دو جنگی کشتیاں خلیج فارس میں ایران کی سمندری حدود میں داخل ہوگئیں جنہیں پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری شعبے کے سپاہیوں نے روک لیا ۔ ان جنگی کشتیوں میں امریکی بحریہ کے دس فوجی موجود تھےجنہیں گرفتار کرلیا گیا اور جب یہ ثابت ہوگیا کہ امریکی بحریہ کے یہ فوجی دانستہ نہیں بلکہ غلطی سے ایران کی سمندری حدود میں داخل ہوگئے تھے اور اسی کے ساتھ انھوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی تو انہیں رہا کردیا گیا۔