الوقت کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کے مختلف شہروں میں اس ملک کی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ ابراہیم الزکزاکی کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور دارالحکومت ابوجا کے مغرب میں واقع شہر سولجا کے عوام نے بھی اس سلسلے میں مظاہرہ کیا ہے۔
سولجا کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے آیت اللہ الزکزاکی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور آیت اللہ الزکزاکی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
اس مظاہرے میں نائیجیریا کے مسلمانوں نے زاریا شہر کے نہتے عوام کے قتل عام پر مبنی نائیجیریائی فوج کے اقدام کی مذمت بھی کی۔
قابل ذکر ہے کہ زاریا کے واقعے کو، کہ جس میں علاقے کے سیکڑوں مظلوم مسلمان شہید ہو گئے تھے اور آیت اللہ الزکزاکی اور ان کے دسیوں ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا، تقریبا ایک ماہ کا عرصہ ہو رہا ہے لیکن نائیجیریا کی حکومت اور فوج نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا ہے اور اس سانحے کی وجہ بھی نہیں بتائی ہے۔