الوقت کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ یہ ثابت ہو جانے کے بعد کہ امریکی بحریہ کی جنگی کشتیاں دانستہ طور پر ایرانی سمندری حدود میں داخل نہیں ہوئی تھیں، امریکی بحری فوجیوں کو رہا کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے اپنی غلطی کی معافی مانگ لی ہے جس کے بعد ان کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس بیان کے مطابق امریکیوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ دوبارہ ایسی غلطی کا ارتکاب نہیں کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی بحریہ کی دو جنگی کشتیاں منگل کو خلیج فارس میں جزیرہ فارسی کے قریب ایرانی سمندری حدود میں داخل ہو گئی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ حراست میں لئے جانے والے دس امریکی فوجیوں میں ایک عورت اور نو مرد شامل تھے۔
امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے ٹیلیفون پر اس سلسلے میں گفتگو کی تھی۔ جان کیری نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا تھا کہ امریکی بحریہ کی یہ دونوں کشتیاں غلطی سے ایرانی حدود میں داخل ہوگئی تھیں۔ انھوں نے اپنے فوجیوں کی رہائی کی درخواست بھی کی تھی۔