الوقت کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے فیس بک پیج اور میڈیا کو بھیجی گئی ای میل کے ذریعے کوئٹہ میں انسدادِ پولیو مرکز کے قریب دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ آج صبح صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسدادِ پولیو سینٹر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دھماکے میں زیادہ تر سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔
کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس سید امتیاز شاہ کے مطابق دھماکے میں 7 سے 8 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشیے ٹوٹ گئے جبکہ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
دھماکے کے بعد کوئٹہ میں پولیو مہم معطل کردی گئی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 3 روز سے جاری انسدادِ پولیو مہم کا آج آخری دن تھا اور مذکورہ سینٹر سے پولیو ٹیموں کو مختلف علاقوں میں بھیجا جارہا تھا.
بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔