~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اس عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل، بان کی مون کے نام اپنے خط میں تہران اور مشہد میں سعودی سفارتی مراکز سے متعلق پیش آنے والے واقعات کی روک تھام کے بارے میں ایران کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہ سیکورٹی فورسز کی کوششوں کے باوجود احتجاج کرنے والے بعض افراد، سفارتی مراکز کے مقامات تک پہنچ گئے اور انھوں نے عمارتوں کو کچھ نقصان بھی پہنچایا، لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سفارتی مراکز کے تحفظ سے متعلق تمام قوانین و بین الاقوامی کنوینشنوں کا پابند ہے اور وہ سفارتی مراکز کو پیش آنے والے واقعات کے تمام ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔